ارشد شریف قتل :تحقیقاتی کمیٹی کو کیا معلومات ملیں ؟قائمہ کمیٹی میں انکشافات

Nov 28, 2022 | 18:52 PM

ایک نیوز نیوز :سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں سپیشل سیکریٹری وزارت داخلہ سیف انجم نے کمیٹی کو صحافی ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے بتایا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم کو کچھ حساس معلومات ملی ہیں۔
تفصیلات کےمطابق انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ معاملے پر دو رکنی ٹیم کینیا گئی تھی جو کہ اب بھی کام کر رہی ہے اور اسے مزید معلومات درکار ہیں۔سپیشل سیکریٹری وزارت داخلہ سیف انجم نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بتایا کہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ ابھی تیار ہو رہی ہے۔
محسن عزیز کی سربراہی میں ہونے والے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سپیشل سیکریٹری نے مزید بتایا کہ ارشد شریف کی واپسی کے تمام اخراجات حکومت نے ادا کیے ہیں۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت نے معاملے پر کمیشن قائم کیا ہے جو کام کر رہا ہے اور ایف آئی اے بھی تحقیقات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک ارشد شریف کی والدہ کی درخواست پر سپریم کورٹ کوئی فیصلہ نہیں کرتی ہمیں اس میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے بلکہ انتظار کرنا چاہیے کیوں کہ معاملہ عدالت کے پاس ہے۔
کمیٹی کے ممبر رانا مقبول نے کہا کہ یہ بہت بڑا واقعہ ہوا ہے اس کی تحقیق بہت ضروری ہے۔ایف ائی اے حکام نے کمیٹی میں بتایا کہ ’ٹیم واپس آ گئی ہے رپورٹ تیار کر رہی ہے۔ اس میں حساس معلومات بھی ہیں۔ شواہد اکھٹے کرنے کا عمل جاری ہے۔‘وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ’ہمیں اپنے اداروں پر اعتماد کرنا چاہیے جب یہ کام کرتے ہیں تو نتیجہ نکال لاتے ہیں۔ کمیٹی میں ڈسکس اور مداخلت سے تفتیش اثر انداز ہو سکتی ہے۔‘وزیر قانون کی سفارش پر ارشد شریف کا معاملہ کمیٹی میں موخر کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں