کار سرکار میں مداخلت،عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع

کار سرکار میں مداخلت،عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع
کیپشن: کار سرکار میں مداخلت،عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع

ایک نیوز نیوز:  انسداد دہشتگردی عدالت نے سنگجانی میں درج احتجاجی مظاہرے اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں 9 دسمبر تک توسیع کردی جبکہ آئندہ سماعت پر سابق وزیر اعظم کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ سنگجانی میں درج احتجاجی مظاہرے اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے عمران خان کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل بابراعوان عدالت میں پیش ہوئے اورعمران خان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔

وکیل بابراعوان نے موقف اختیار کیا کہ سابق وزیر اعظم زخمی ہیں اور سفر نہیں کر سکتے ،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان ایک سیاسی اجتماع میں موجود تھے ،کیس کو زیادہ دیر التوا کا شکار نہیں بنا سکتے، عدالت کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ عمران خان اسلام آباد میں موجود ہیں یا لاہور؟

وکیل بابراعوان نے کہاکہ عمران خان اس وقت لاہور میں موجود ہیں اور عدالت پیش ہونا چاہتے ہیں لیکن اسلام آباد انتظامیہ انہیں اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہی ،عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان کواسلام آباد داخلے میں روکنے کا حکمنامہ آپ کے پاس ہے ؟

بابراعوان نے کہا کہ حکمنامہ تحریری طور پر نہیں زبانی کہاں گیاہے جس پر فاضل جج نےریمارکس دیئے کہ سابق وزیر اعظم کے داخلے کے معاملے پر عدالت انتظامیہ سے وضاحت بھی طلب کر سکتی ہے۔

بابراعوان کی جانب سے عمران خان کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروائی گئی،عدالت نےاستفسار کیاکہ آئندہ سماعت پر عمران خان کی پیشی ہر صورت یقینی بنائیں۔

بعدازاں عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 9 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی ہے۔