ایک نیوز نیوز: پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آئیندہ نگران وزرائےاعلی کی تقرری سے متعلق ہوم ورک شروع کر دیا ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی سینئر قیادت دونوں صوبوں میں نگران وزرائےاعلی کے لیے نام آج لاہور میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو پیش کرے گی۔ آج کے اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ اور لائحہ عمل پر بھی فیصلہ کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان دونوں صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل سے قبل اپوزیشن کی حکمت عملی کا انتظار کرنے کے خواہاں ہیں۔ عمران خان دونوں اسمبلیوں کی تحلیل سے قبل وزرائے اعلی کے خلاف متوقع تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کو شکست دینا چاہتے ہیں۔تحریک عدم اعتماد پیش کرنے میں تاخیر ہوئی تو جمعہ تک پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کی حکمت عملی کے حوالے سے پارٹی میں اختلاف رائے پایا جارہا ہے۔شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک سمیت بعض قائدین کی رائے ہے کہ دونوں صوبائی اسمبلیاں کچھ دن کے وقفے سے تحلیل کی جائیں۔ عمران خان سمیت کچھ قائدین دونوں اسمبلیوں کی بیک وقت تحلیل کے خواہاں ہیں۔