ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

ایک نیوز نیوز: ملک بھر میں آج سے انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے جس دوران 1 کروڑ 35 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق  پنجاب کے 9، سندھ کے 8، بلوچستان کے6 اضلاع اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوا ہے جس میں تقریبا 1کروڑ 35 لاکھ بچے پولیو کے قطرے پئیں گے۔ خیبر پختونخوا میں پولیو مہم کا آغاز 5دسمبر کو ہوگا۔خیبر پختونخوا میں انسدادِ پولیو مہم کےدوران پولیو کے خطرے سے دوچار 9 اضلاع میں بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ ایک لاکھ سے زیادہ تربیت یافتہ اور پر عزم صحت محافظ ویکسینیشن مہم کا حصہ بنیں گے۔

وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ اگر  خیبر پختونخوا سے پولیو وائرس ختم ہو جائےتو پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔ ہم پولیو کے خاتمے کے کافی قریب پہنچ چکے ہیں۔ پاکستان پولیو کے خلاف جنگ میں بڑی پیشرفت کرچکا ہے۔پولیو پاکستان کے ایک چھوٹے سے حصے میں بچ گیا ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ صحت حفاظت ہیلپ لائن 1166 اور واٹس ایپ ہیلپ لائن 4665777-0346 جاری کردی گئی ہے جس کا مقصد رہ جانے والے بچوں کی اطلاع دینے میں والدین اور دیکھ بھال کرنے والوں کی مدد کرنا ہے۔