پاکستان تحریک انصاف کا اہم اجلاس طلب،اہم فیصلے آج ہونگے

Nov 28, 2022 | 11:46 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان استعفوں کے بیان پر قائم ہیں، آج سے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی جلسے کے بعد میڈیکل ٹیم نے سابق وزیر اعظم عمران خان کا طبی معائنہ کیا۔ ڈاکٹرز نے سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم عمران خان کو آرام کا مشورہ دے دیا تاہم چیئرمین پی ٹی آئی آرام کیلئے راضی نہیں۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلی توڑنے پر اراکین سے مشاورت کا فیصلہ کر لیا۔ آج دونوں صوبائی اسمبلیوں کے اراکین سے ملاقاتیں عمران خان کے شیڈول کا حصہ ہیں۔

تحریکِ انصاف کے چیئرمین نے سندھ اور بلوچستان اسمبلی کے اراکین کا اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کر لیا۔ عمران خان اراکینِ صوبائی اسمبلی سے ملاقاتوں کے دوران استعفوں اور اسمبلیاں توڑنے کے معاملات پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

قبل ازیں عمران خان نے حقیقی آزادی مارچ کیلئے اسلام آباد جانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم آج سے 2 روز قبل چیئرمین پی ٹی آئی نے تمام اسمبلیوں سے استعفوں کا اعلان کرتے ہوئے اسلام آباد نہ جانے کا فیصلہ کر لیا۔

راولپنڈی جلسے سے خطاب کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کاکہنا تھا کہ معاشی حالات پہلے ہی بُرے ہیں۔ توڑ پھوڑشروع ہو گئی تو حالات مزید خراب ہوجائیں گے، ملک میں کسی قسم کا انتشار پیدا نہیں کرنا چاہتے۔

خطاب کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم اس کرپٹ سسٹم کا حصہ نہیں بنیں گے۔ تمام اسمبلیوں سے استعفوں کا اعلان کرتے ہیں۔ وزرائے اعلیٰ سے بات کی ہے، پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کے بعد تاریخ کا اعلان کروں گا۔

مزیدخبریں