ایک نیوز :مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کاکہنا ہے کہ 28مئی 1998کو ایٹمی دھماکوں سے روکنے کیلئے اربوں ڈالرکی پیشکش ہوئی جسے ٹھکرادیا۔عالمی دباؤ کے باوجود ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کا لبرٹی چوک میں یوم تکبیر کی تقریب سے ٹیلیفونک خطاب میں کہنا تھاکہ آج یوم تکبیر کی سلور جوبلی ہے ۔ پاکستان کو ایٹمی قوت بنے 25سال ہو گئے ہیں۔قوم کو یوم کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہمیں تاریخ کی بہت بڑی آزمائش کا سامنا تھا ۔ ہم پر بہت دباؤ اور بہت ساری پیشکش کی گئیں ۔ایک طرف ملک کا دفاع اور دوسری طرف اربوں ڈالر کی پیشکش تھی۔
نوازشریف کاکہنا تھا کہ ہم کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے ،۔کسی کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دینگے ۔جب وزیراعظم تھا کو ڈالر 104 روپے کا تھا آج 300 روپے کا ہے۔آٹا 33 روپے فی کلو ملتا تھا آج 120 روپے ملتا ہے ۔ہمارے دور میں آلو10 روپے کلو تھے آج 80 روپے کلو ہیں۔2017میں روٹی 2 روپے کی تھی آج 15 روپے کی ہے۔2017میں گھی 140 روپے کلو تھا آج 500 روپے کلو ہے ۔2017میں چینی 50 روپے اور آج 120 روپے کلو ہے۔ 2017 میں پٹرول 60 روپے لیٹر تھا آج 270 روپے لیٹر ہے ۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کاکہنا تھا کہ پٹڑی پر جا رہے تھے بدقسمتی سے پٹڑی سے اتارنے بھی اسی معاشرے میں موجود ہیں۔اکستان کو نفرتوں کی آگ میں جھونکنے اور عوام کو گمراہ کرنیوالے بے نقاب ہو گئے ۔نوجوانوں کو اپنے مکروہ عزائم کی بھٹی میں جلانے والے آج بے نقاب ہو چکے،۔ملک کو کئی سال پیچھے دھکیلنے والے آج بے نقاب ہو گئے ۔
نوازشریف کاکہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں یہ وطن 9مئی جیسے یوم سیاہ کیلئے نہیں دیا ۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ وطن 28 مئی جیسے روشن دن کیلئے عطا کیا ہے۔اللہ نے یہ ملک جلاؤ گھیراؤ کیلئے نہیں ترقی و خوشحالی کیلئے عطا کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کاکہنا تھا کہ خواہش تھی دنیا کی ساتویں اقتصادی اور معاشی طاقت بھی بنیں۔افسوس سے کہنا پڑتا ہے کچھ لوگوں نے میری ٹانگیں کھینچنا شروع کر دیں۔1993،1999 اور پھر 2017 میں بھی ٹانگیں کھینچی گئیں۔ ناجانے ان لوگوں کو کیابیر ہے کہ ہنستے بستے ملک کو خراب کرنا چاہتے ہیں ۔