ایک نیوز :وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کردیا۔
لاہور میں جناح ہاؤس کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر سعد رفیق کا کہناتھاکہ جناح ہاؤس میں بہت دلخراش واقعہ پیش آیا بلکہ یہ سانحہ ہے، جناح ہاؤس میں قائد اعظم کی بہت سی چیزیں موجود تھیں، ظالموں نے جناح ہاؤس میں ہر چیز کوجلا دیاگیا، کوئی شرم نہیں کی گئی، جناح ہاؤس کے تقدس کوپامال کیاگیا۔
وزیرریلوے کاکہنا تھا کہ جو لوگ اپنی فوج کو ٹارگٹ کریں ان سے بدبخت اور بدقسمت کوئی نہیں، جی ایچ کیو اور کور کمانڈر پر حملہ سیاست نہیں بلکہ دہشت گردوں کا کام ہے، ہماری کوشش ہے کہ کسی بے گناہ کو سزا ملے اور گناہ گاہ کو چھوڑا نہ جائے۔
خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھاکہ ہمارا اسٹیبلشمنٹ سے اختلاف رہا۔کبھی فوجی تنصیب کے سامنے احتجاج کا خیال بھی نہیں آیا۔ مشرف دور میں روز احتجاج کرتے تھے مگر کنٹونمنٹس کے تقدس کا خیال رکھتے تھے۔ 9 مئی کو پی ٹی آئی کی قیادت جناح ہاؤس کے باہر اور ٹکٹ ہولڈرز اندر تھے، جناح ہاؤس میں آگ پیٹرول یا ماچس سے نہیں بلکہ کیمیکل سے لگائی گئی تھی۔
وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھاکہ بات کرنے کا ماحول اور ایجنڈا ہوتا ہے لیکن مذاکرات کا یہ ماحول نہیں ہے، عمران خان نے جو کمیٹی بنائی اس سے کوئی مذاکرات نہیں کرے گا۔ 9 مئی کے واقعات روکنا کس کی ذمہ داری تھی؟ یہ سوال میرے بجائے پنجاب کی نگران حکومت سے پوچھا جائے۔