ایک نیوز: نیشنل گیمز کے ویمن سوئمنگ ایونٹ میں آرمی کی سوئمرز نے 16 گولڈ ، 7 سلور اور 3 برانز میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سوئمنگ کا ایونٹ لاہور کے نشترک پارک اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوا جس میں آرمی کی سوئمرز چھائیں رہیں، آرمی نے 16 گولڈ، 7 سلور اور 3 برانز میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، آرمی کی بسمہ خان کو بہترین سوئمر قرار دیا گیا، انہوں نے 5 انفرادی اور 3 ریلے گولڈ میڈلز جیتے ۔
اولمپئن بسمہ خان نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سوچا ہوا تھا کہ مجھے بہترین سوئمر قرار پانا ہے، تیاری اچھی تھی پہلے نیشنل چیمپئن شپ ہوئی تو تیاری کا اچھا موقع مل گیا تھا، نیشنل گیمز میں ٹیم کا ساتھ بھی تھا اس لیے توقع کے مطابق کامیابی ملی اور ٹیم نے بھی ٹائٹل جیتا۔
بسمہ خان نے کہا کہ ٹیم کے لیے میں نے اپنے بنیادی ایونٹس میں شرکت نہیں کی، آرمی کو جتوانا تھا اس لیے ٹیم کی خاطر دوسرے ایونٹس میں شرکت کی لیکن میں خوش ہوں کہ ہماری ٹیم نے سب سے زیادہ میڈلز جیتے ہیں۔
بسمہ خان نے کہا کہ ورلڈ سوئمنگ چیمپئن شپ کے لیے سخت محنت کر رہی ہوں، یہ اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے، کوشش کروں گی کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں اور پھر ایشین گیمز کا سوچوں گی۔