نااہلی یا گرفتاری کی صورت میں پارٹی کون سنبھالے گا؟عمران خان نے بتادیا

May 28, 2023 | 03:27 AM

ایک نیوز : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے نااہل یا گرفتار کیا گیا تو شاہ محمود قریشی پارٹی کی قیادت کریں گے اور مستقبل میں مراد سعید ایک بڑے لیڈر کے طور پر سامنے آئیں گے۔

عمران خان نے زمان پارک میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ جلد وقت تبدیل ہوگا اور آنے والے دنوں میں بہت بڑا سرپرائز دوں گا، فوج سے میری کوئی لڑائی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار کارکنوں کی رہائی کے لیے وکلا کی ٹیم سے مشاورت کی ہے، انشاء اللہ جلد ہم عدالتوں سے رجوع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے علاوہ ملکی مسائل کا کوئی حل نہیں ہے، موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ  گرفتاری، نااہل کروانے سمیت مجھے جان سے مارنے کی منصوبہ بندی ہوچکی ہے، اگر گرفتار یا نااہل ہوا تو شاہ محمود قریشی ،پرویز خٹک جیسے سئنیر پارٹی کے معاملات دیکھیں گے‘۔

عمران خان نے کہا کہ ’جو لوگ چھوڑ کر جا رہے ہیں کچھ مجبور اور کچھ بے نقاب ہوئے ہیں، پارٹی کے لئے نوجوان بہترین سرمایہ ہیں آئندہ ٹکٹ ان کا حق ہے، الیکشن میں پی ٹی آئی کو ہی فتح ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ عارف علوی آئین کے مطابق کام کر یں گے، آج بھی ریفرنڈم کروا کے دیکھ لیں رزلٹ سامنے آجائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں، اس چیز پر حلف دیتا ہوں تشدد اور توڑ پھوڑ کے حوالے سے کبھی نہیں کہا، اگر مجھے گولیاں لگنے پر توڑ پھوڑ نہیں ہوتی تو اب کیسے ممکن تھا۔

مزیدخبریں