ایک نیوز : سابقہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا ممکنہ طور پر بھارتی سیاست میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں۔ کانگریس پارٹیر ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو آئندہ لوک سبھا انتخابات میں حیدرآباد سے الیکشن لڑانے پر غور کررہی ہے ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی کرکٹ کپتان اور کانگریس رہنما محمد اظہر الدین نے آئندہ انتخابات کے لیے سابقہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا نام بطور امیدوار تجویز کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ثانیہ مرزا ممکنہ طور پر لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر سیاست میں قدم رکھیں گی اور حیدرآباد سے امیدوار کے طور پر کھڑی ہوںگی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز کانگریس سنٹرل الیکشن کمیٹی (سی ای سی) نے چار ریاستوں گوا، تلنگانہ، یوپی اور جھارکھنڈ سے اپنے 18 امیدواروں کے ناموں کی منظوری کے لیے اجلاس منعقد کیا تھا، اس اجلاس میں ثانیہ مرزا کا نام بھی زیر غور لایا گیا۔ اظہر الدین ثانیہ مرزا کی بہن انعم مرزا کےسسر ہیں (اظہرالدین کے بیٹے محمد اسد الدین انعم کے شوہر ہیں )۔یاد رہے کہ کانگریس جماعت حیدرآباد سے آخری بار 1980 میں رکن پارلیمنٹ کی نشست پر انتخابات جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔
ثانیہ مرزا اگر الیکشن کے میدان میں اترتی ہیں تو ان کا مقابلہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی کیساتھ ہوگا ۔