حکومت کو قومی اسمبلی توڑنے کا کہاجارہا ہے ،وفاقی وزیرقانون

Mar 28, 2023 | 20:06 PM

ایک نیوز : وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نےکہا ہے کہ حکومت کو کہا جا رہا ہے کہ آپ ابھی قومی اسمبلی توڑ دیں۔
تفصیلات کےمطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، مشاورت کا دوسرا دور بھی ہو گا، ایسے حالات میں اجتماعی دانش کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہوتی ہے، عدلیہ اور پارلیمان کا اپنا اپنا کردار ہے، کچھ کام پارلیمنٹ نے کرنے ہیں، کچھ کام ہیں جو صرف عدلیہ کر سکتی ہے۔
وزیر قانون نے کہا کہ ملک میں آئینی بحران ہے نہ قانونی، صرف رویوں کا بحران ہے، ایک چھوٹی سی بات کی گئی ہے کہ جب آپ قومی نوعیت کے مقدمات میں بیٹھیں تو سینئر موسٹ ججز کو بٹھائیں یا فل کورٹ بنائیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ صوابدیدی اختیار کے خلاف سپریم کورٹ کے اندر سے ہی آواز آگئی، اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا سول سوسائٹی کے کچھ ارکان حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی کوشش کر رہے ہیں؟
صحافی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امتیاز عالم، مجیب الرحمن شامی، حنا جیلانی، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ہارون رشید بہت اچھی کوششیں کر رہے ہیں، اگر آپ ملک کو آگے لے کر چلنا چاہتے ہیں تو میرا خیال ہے کہ ایسی کوششیں ہونی چاہئیں۔
وزیر قانون نے کہا کہ حصوں، ٹکڑوں میں انتخابات سیاسی بحران پیدا کریں گے، ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے تاکہ معاشی استحکام آئے، وزیر قانون کوئی الیکشن سے نہیں بھاگ رہا، بیٹھ کر ایک طریقہ کار طے کر لیا جائے تاکہ لیول پلئینگ فیلڈ ملے۔

مزیدخبریں