راہول گاندھی کو سرکاری بنگلہ خالی کرنیکا نوٹس

Mar 28, 2023 | 15:04 PM

  ایک نیوز: کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو انھیں سرکاری بنگلہ خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے، اور اس کے لیے ایک ماہ سے بھی کم وقت کی مہلت دی گئی ہے۔ تاہم راہول گاندھی نےعندیہ دیا ہے کہ مقررہ وقت میں بنگلہ خالی کردیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پارلیمانی رکنیت منسوخ ہونے کے بعد لوک سبھا کی ہاؤس کمیٹی نے راہل گاندھی کے نام یہ نوٹس جاری کیا ہے۔ راہل گاندھی 12 تغلق لین والے سرکاری بنگلے میں رہ رہے ہیں اور اب انھیں یہ ٹھکانہ 22 اپریل تک خالی کرنا ہوگا۔ نوٹس کے مطابق ڈسکوالیفکیشن کے ایک ماہ کے اندر راہل گاندھی کو اپنی سرکاری رہائش خالی کرنا ہے۔

ا نوٹس جاری ہونے کے بعد کانگریس لیڈران کا شدید رد عمل بھی سامنے آیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری نے کہا کہ یہ راہل گاندھی کے تئیں بی جے پی کی نفرت کو ظاہر کرتا ہے۔ نوٹس دیے جانے کے بعد 30 دنوں کی مدت کے لیے وہ شخص اسی گھر میں رہنا جاری رکھ سکتا ہے۔ اتنا ہی نہیں، 30 دنوں کی مدت کے بعد کوئی شخص مارکیٹ شرح پر کرایہ کی ادائیگی کر کے اسی گھر میں رہنا جاری رکھ سکتا ہے۔ یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ راہل گاندھی زیڈ پلس سیکورٹی والے درجہ میں آتے ہیں۔

واضح رہے کہ راہل گاندھی سورت کورٹ کی سزا اور لوک سبھا رکنیت منسوخ کیے جانے کے بعد جارحانہ انداز اختیار کیے ہوئے ہیں۔ انھوں نے لوک سبھا رکنیت ختم ہونے کے ایک دن بعد ہفتہ کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے ظاہر کر دیا تھا کہ وہ رکن پارلیمنٹ رہیں یا نہ رہیں، یا پھر انھیں جیل میں ہی کیوں نہ ڈال دیا جائے، وہ جمہوریت کی لڑائی لڑتے رہیں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ڈرنے والے نہیں ہیں اور معافی بھی نہیں مانگیں گے کیونکہ ان کا نام ساورکر نہیں بلکہ گاندھی ہے، اور گاندھی معافی نہیں مانگتے۔

گزشتہ پانچ روز میں راہل گاندھی کے لیے یہ تیسری بری خبر ہے۔ پہلے انھیں سورت کورٹ کے ذریعہ ہتک عزتی کے ایک معاملہ میں دو سال کی سزا سنائی گئی۔ اس کے بعد لوک سبھا کی رکنیت سے انھیں محروم کر دیا گیا، اور اب سرکاری بنگلہ بھی ہاتھوں سے جاتا ہوا محسوس ہو رہا ہے۔

مزیدخبریں