صدر مملکت نے سینیٹ اجلاس طلب کر لیا

صدر مملکت نے سینیٹ اجلاس طلب کر لیا

ایک نیوز:  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹ اجلاس 30 مارچ بروز جمعرات صبح ساڑھے 10 بجے طلب کر لیا ہے۔ 

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے سینیٹ اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 ایک کے تحت طلب کیا ہے ۔

دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ڈنمارک اور نیدرلینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف عملی اقدامات کرے ۔

  صدر مملکت نے آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ آزادی اظہار رائے نفرت انگیز تقاریر اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے کا نام نہیں ہے۔ اس عمل سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایسے واقعات اشتعال انگیز اور اسلامو فوبیا پر مبنی ہے۔ توہین کا عمل بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں اور آزادی اظہار رائے کے جائز اظہار کے اصولوں کے منافی ہے۔

صدر  مملکت نے کہا کہ اسلام انسانیت کو امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کا یہ عمل دُنیا میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی سطح کو ظاہر کرتا ہے، عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف عملی اقدامات اٹھائے اور شدت پسند عناصر کی حوصلہ شکنی کرے