اینٹی کرپشن پنجاب نے پی ٹی آئی رہنما عمر سرفراز چیمہ کو طلب کر لیا

Mar 28, 2023 | 13:21 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو جعلسازی کیس میں اینٹی کرپشن پنجاب نے آج 28 مارچ کو طلب کر لیا ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق رہنما تحریک انصاف عمر سرفراز چیمہ پر اپنی بہن فاطمہ سرفراز چیمہ کو جعلی فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے ذریعے غیر قانونی طور پر وراثت میں حصہ دلوانے کا کیس ہے۔ فاطمہ سرفراز چیمہ کی ڈاکٹر ظہیر صفدر سے 2013 میں طلاق مؤثر ہو گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ظہیر صفدر کے گزشتہ سال انتقال کے بعد انکی طلاق یافتہ بیوی فاطمہ سرفراز چیمہ کو جعلسازی سے وراثت میں حصہ دلوایا۔ عمر سرفراز چیمہ نے بطور گورنر اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ میں اپنی بہن کا اندراج کروایا۔ عمر سرفراز چیمہ نے گورنر کا حلف لینے کے سات دن بعد اپنے سابق بہنوئی کی وراثت کا انتقال درج کروایا تھا۔ 

واضح رہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق گورنر اور انکی ہمشیرہ  کو 25 مارچ کو طلب کیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔

مزیدخبریں