ویمنز کرکٹ سیزن کے دوران قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں 8 انٹرنیشنل سیریزکھیلے گی، ان انٹرنیشنل سیریز میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ، آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمزاور اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ بھی شامل ہیں۔
سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے مئی میں پاکستان آئے گی، مہمان ٹیم کے اس دورہ میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی شامل ہیں جب کہ یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب پاکستان آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے کسی میچ کی میزبانی کرے گا۔
PCB unveils bumper women's cricket season
More details: https://t.co/Q7Djt81zNe pic.twitter.com/fmgB8NCHft
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) March 28, 2022
قومی خواتین کرکٹ ٹیم ستمبر میں چین روانہ ہوگی جہاں وہ ایشین گیمز میں شرکت کرے گی، پھر اکتوبر نومبر میں آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔
اس دوران مہمان ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔اسی طرح سیزن 23-2022 کے دوران ڈومیسٹک سطح پر بھی خواتین کرکٹ کے مقابلے منعقد ہوں گے۔
سیزن کا پہلا ایونٹ، قومی انڈر 19 ویمنز ٹورنامنٹ اگست میں مریدکے میں کھیلا جائے گا، جہاں 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
اس ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرکٹرز کو بعدازاں ویمنز کرکٹ سیزن 23-2022 میں سینئر ٹیموں کی نمائندگی کا موقع بھی دیا جائے گا۔
نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ ستمبر میں کھیلی جائے گی، اس ایونٹ کو دومرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی چار ٹیمیں شرکت کریں گی اور یہاں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے والی خواتین کرکٹرز کے ہمراہ تین نئی ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا، پھر ان تین ٹیموں کے مابین ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کی فاتح کو چیمپئن قرار دیا جائے گا۔
تیسرا اور آخری ویمنز ڈومیسٹک ایونٹ، ون ڈے ٹورنامنٹ اپریل میں کھیلا جائے گا، چار ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں کُل 14 میچز کھیلے جائیں گے۔