ایک نیوز:پاکستان تحریک انصاف نے امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کے خلاف قومی اسمبلی سے منظور کی گئی قرارداد کو مسترد کر دیا پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ حقیقت میں حکومت الیکشن کے معاملات کی تحقیقات ہی نہیں چاہتی۔ امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کو پاکستان کے معاملات میں مداخلت نہیں کہا جا سکتا۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے دیگر پارٹی رہنماوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کو پاکستان کے معاملات میں مداخلت نہیں کہا جا سکتا، امریکی کانگریس کی قرارداد کو انہوں نے نہیں پڑھا اور 14نکات پر مبنی قرارداد کو پڑھے بغیر ہی انہوں نے منظور کر لیا، قرارداد میں صاف شفاف انتخابات کی بات کی گئی ہے۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہاکہ امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کے خلاف لائی گئی قرارداد ہم سے چھپائی گئی اور اعتماد میں نہیں لیا گیا۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن والے 3 کروڑ کی نمائندگان کرتے ہیں، ہمیں اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔یہ افغانستان کے ساتھ نیا محاز کھولنے جا رہے ہیں افغانستان میں بڑی بڑی سپر پاور شکست سے دوچار ہوگئی ہیں۔
اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی لیڈر زرتاج گل کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی ہے خواجہ آصف نے کہا کہ ہم افغانستان میں جا کر حملہ کریں گے یہ بہت خطرناک گفتگو ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آج جو کچھ پنجاب میں ہوا اس سے عدم برداشت کی مثال قائم کی گئی ہے اپوزیشن لیڈر پنجاب سے تمام مراعات اور سٹاف واپس لے لیا گیا ہے۔ایک جانب وزیر اعظم مذاکرات کی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف پنجاب میں ہمارے 11 اہم پی ایز پر اگلے 15دن کے لیے اسمبلی میں داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے۔