ویب ڈیسک:ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی جانب سے قرارداد پاکستان کے امور داخلہ میں غیر ضروری مداخلت ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی کانگرس کو پاک امریکا تعلقات میں مضبوطی کیلئے کام کرنا چاہیے، پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں پر تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل امریکا کے ایوان نمائندگان نے 8 فروری 2024 کو پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں ووٹنگ کے بعد ہیر پھیر کے دعوؤں کی غیر جانبدار تحقیقات کے حق میں قرارداد کو بھاری اکثریت سے منظور کرتے ہوئے جنوبی ایشیا کے ملک کے جمہوری عمل میں عوام کی شمولیت پرزوردیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ حکومت نے رضوان سعید کو واشنگٹن میں نیا سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عاصم افتخار کو نیویارک اقوام متحدہ میں پاکستان کا ایڈیشنل مستقل مندوب تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، عاصم افتخار مناسب وقت پر مستقل مندوب کا عہدہ سنبھالیں گے، تقرریوں کا اعلان معمول کے مطابق ہے، تعیناتیاں متعدد ہفتوں سے زیر غور تھیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بھارتی مقبوضہ کشمیر میں عوام کے جمہوری حقوق کی عدم فراہمی پر تشویش ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند ہونا چاہیے، پاکستان کشمیریوں کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ افغانستان یقینی بنائےکہ وہ اپنی سرزمین کسی کو استعمال کرنےکی اجازت نہیں دے گا۔