ایک نیوز:ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر،شمال مشرقی پنجاب ، خطہ پوٹھوہار اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش ک اامکان ہے۔
اسلام آباد اور گر دو نواح میں صبح اور رات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ایبٹ آباد، بالاکوٹ، مانسہرہ، شانگلہ، بٹگرام، دیر، سوات، مالاکنڈ میں کہیں کہیں جبکہ پشاور،مردان، صوابی، چارسدہ، چترال، کوہستان، کوہاٹ، کرک، بنوں میں چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی ہے۔
مری ،گلیات،راولپنڈی،جہلم،اٹک،چکوال،تلہ گنگ،گوجرانوالہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔لاہور،ڈیرہ غازی خان ، ملتان، ساہیوال،بہاولنگر اوربہاولپور میں آندھی جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا،تاہم رات میں ژوب، موسیٰ خیل،شیرانی، سبی،جھل مگسی،بارکھان، ڈیرہ بگٹی ، خضدار، قلات، آواران ، لسبیلہ اور گر دو نواح میں آندھی جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ میں مٹھی ، تھرپارکر ،عمر کوٹ ، سانگھڑ، میرپور خاص ، بدین کراچی، حیدرآباد ، ٹھٹھہ، سجاول اور پڈ عیدن میں مختلف مقامات پر بارش کی پیشگوئی جبکہ جامشورو، شہید بینظیر آباد، خیرپور، سکھر، گھوٹکی اور کشمور میں چند مقامات پرا ٓندھی جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ایک دو مقامات پرگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہا۔ تاہم کراچی سمیت جنوب مشرقی زیریں سندھ میں کہیں کہیں جبکہ خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد،کشمیر، بالائی خیبر پختونخوااورژوب میں چند مقامات پرتیز ہواؤں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
آج ریکارڈکیےگئےزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق سبی 48، جیکب آباد47، دادو، نوکنڈی، موہنجو داڑو، تربت 46، دالبندین، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاہے۔