ایک نیوز :ممبئی کی سوسائٹی میں قربانی کے لیے لائے گئے بکروں پر ہندوؤں نےہنگامہ مچادیا۔جے شری رام کے نعرے لگائے گئے۔
مبئی سے متصل میرا روڈ پر واقع جے پی انفرا سوسائٹی میں قربانی کے لیے دو بکرے لائے جانے پر گھنٹوں تک ہنگامہ ہوا۔ اس دوران اکثریتی برادری کے لوگوں نے کبھی ہنومان چالیسہ کا ورد کیا تو کبھی جے شری رام کے نعرے لگائے۔
رپورٹ کے مطابق مظاہرین اور پولیس کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی۔ تاہم پولس نے لوگوں کو سمجھا کر معاملہ رفع دفع کرایا۔ محسن شیخ نامی شخص عید الاضحیٰ پر قربانی کے لیے دو بکرے لے کر آیا۔ جیسے ہی سوسائٹی کے ہندوؤں کو اس بات کا علم ہوا تو تمام لوگ سوسائٹی کے باہر جمع ہو گئے اور بکریوں کو باہر لے جانے کے لیے مظاہرہ کرنے لگے۔
مظاہرین نے ہنومان چالیسہ پڑھنا شروع کر دیا اور جے شری رام کے نعرے لگائے۔ اس معاملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کے اعلیٰ افسران نے لوگوں کو سمجھا کر معاملہ پرامن کرایا۔ اس دوران سوسائٹی کے لوگوں اور پولیس کے درمیان معمولی نوک جھونک بھی ہوئی۔
محسن کا کہنا ہے کہ اس سوسائٹی میں 200 سے 250 مسلم خاندان رہتے ہیں۔ ہر سال بلڈر ہمیں بکری رکھنے کے لیے جگہ دیتا تھا لیکن اس بار بلڈر نے کہا کہ جگہ نہیں ہے۔ اس کے لیے اپنی سوسائٹی سے بات کریں۔ محسن کے مطابق بکرا رکھنے کے لیے سوسائٹی سے جگہ بھی مانگی گئی لیکن سوسائٹی کی جانب سے کوئی جگہ نہیں دی گئی۔محسن کا کہنا ہے کہ وہ سوسائٹی میں کبھی قربانی نہیں دیتے اور قربانی مذبح خانے یا بکرے کی دکان پر کراتے ہیں۔