پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے،فیاض الحسن چوہان

Jun 28, 2023 | 15:22 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چودھری کی پریس کانفرنس سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے منفی مہم چلائی جا رہی ہے،پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم غیر ملکی ایجنڈے پر کام کررہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی پی پی رہنما فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت 9 مئی کے پُر تشدد واقعات میں ملوث ہے، رنگے ہاتھوں پکڑی گئی۔ سویلینز کے کیس ملٹری کورٹس میں پہلے بھی چلتے رہے ہیں، اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ ملٹری کورٹس سے متعلق غلط بیانی کر رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملٹری کورٹس پر فیکٹس اینڈ فگرز کے مطابق بات کی۔ اس پریس کانفرنس پر چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے منفی مہم چلائی جا رہی ہے، اعتزاز احسن پی ٹی آئی کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ دن سے اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ چیئرمین پی ٹی آئی کے چیف پیٹرن بنے ہوئے ہیں۔ یہ دو لوگ پوری قوم کو اخلاقیات کا درس دے رہے ہیں۔ 1989 میں اعتزاز احسن پر سکھوں کی لسٹیں بھارت کو دینے کا الزام تھا، ان لسٹوں کی بنیاد پر آپریشن کر کے تمام سکھ لیڈرشپ کو قتل کیا گیا۔ افتخار چوہدری کی تحریک میں بھی انہی اعتزاز احسن نے قوم کو گمراہ کیا۔ ایک فارن فنڈنگ تحریک کو اعتزاز احسن نے کامیاب کیا۔ پوری پاکستانی قوم سے کھلواڑ کر کے بعد میں یہ سائیڈ پر ہو گئے تھے۔

فیاض الحسن چوہان نےکہا کہ لطیف کھوسہ اور اعتزاز احسن کی پہچان پیپلز پارٹی ہے، اعتزاز احسن ، بلاول اور بے نظیر کے وفادار نہیں، وہ چئیرمین پی ٹی آئی کے کیسے وفادار ہوں گے۔ پیپلز پارٹی نہیں چھوڑتے مگر اس کی پالیسی کے خلاف پوری کمپین کرتے ہیں۔ اپنی پارٹی سے غداری کر کے لوگوں کو وفا کا درس دے رہے ہیں۔ کیا پاکستان میں ملٹری کورٹس پہلی دفعہ بن رہی ہیں،پی ٹی آئی کی حکومت میں 27 سویلین افراد کے مقدمات ملٹری کورٹس میں چلے ہیں،ایک جرنل کے بیٹے نے پی ٹی آئی کی حکومت میں آرمی چیف کو خط لکھا تھا،کیا پوری پاکستان جانتی ہے ان کا کیس ملٹری کورٹس میں چلا تھا؟ آرمی ایکٹ میں لکھا ہے جو آرمی تنصیبات پر حملہ کرے گا ان کا کیس ملٹری کورٹس میں جائے گا۔اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ لوگوں کا ذہن خراب کررہے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نےمزید کہا کہ اظہر مشوانی ارسلان خالد سمیت دیگر نے اربوں روپے کمائے،پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم غیر ملکی ایجنڈے پر کام کررہا ہے،کیا اعجاز چوہدری پر کسی نے پستول رکھ کر جناح ہاؤس بھیجا تھا؟ چیئرمین پی ٹی آئی کا بھانجا ان تمام حملوں میں ملوث تھا،عمر تنویر بٹ ،واثق قیوم عباسی اور دیگر کو کیا کسی کمانڈر نے بھیجا تھا؟ یہ ساری کی ساری آنکھوں کے دیکھی چیزیں ہیں،میں 9 مئی ، 10 مئی اور 11 مئی کا چشم دید گواہ ہوں ،پی ٹی آئی کے وٹس ایپ گروپ میں آرمی آفیسرز کے تصاویر اور گھر کے لوکیشن کہاں سے آتے تھے؟

مزیدخبریں