ٹک ٹاکر عائشہ کیس: ملزم جبران جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ٹک ٹاکر عائشہ کیس: ملزم جبران جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ایک نیوز: جناح ہسپتال میں ٹک ٹاکر عائشہ کی لاش چھوڑ کر فرار ہونے والے ملزم جبران کو عدالت نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جناح ہسپتال میں لڑکی کی لاش چھوڑ کر جانے کے کیس میں پولیس نے ملزم جبران کو عدالت میں پیش کیا۔ پولیس نےموقف اپنایا کہ ملزم کے سی آر او اور مفرور ملزمان سے متعلق تفتیش کے لئے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ملزم جبران نے عدالت میں بیان دیا کہ مجھ پر کوئی تشدد نہیں کیا گیا ہے،زمین پر گری ہوئی خاتون کی جان بچانا میرا جرم بن گیا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے ایمبولینس یا ون فائیو پر کال کیوں نہیں کی؟ جس پر ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کی شرافت اسکے گلے پڑ گئی ہے۔ ملزم نے ان پڑھ ہونے کی وجہ سے پولیس یا ایمبولینس سروس سے رابطہ نہیں کرسکا۔

عدالت نے ملزم جبران کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔عدالت نےملزم کو 30 جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دےدیا ہے۔عدالت نے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔