کراچی :ڈاکو 7 لاکھ کے بیل،2 قیمتی بکرے چھین کر فرار

کراچی :ڈاکو 7 لاکھ کے بیل،2 قیمتی بکرے چھین کر فرار

ایک نیوز: شہر قائد کے علاقے نارتھ کراچی میں مسلح افراد چوکیدار سمیت 5 افراد کو یرغمال بنا کر 7 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے جانور لیکر فرار ہوگئے .

رپورٹ کے مطابق خواجہ اجمیر نگری کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 2 میں روٹ نمبر فور جے بس کے آخری اسٹاپ کے قریب قائم پلاٹ پر ڈاکوؤں نے دھاوا بول کر چوکیدار عرفان سمیت 5 افراد کو اسلحے کے زور پر رسیوں سے باندھا اور وہاں موجود 3 بیل اپنے ہمراہ لیکر فرار ہوگئے۔

چھین کر لیجانے والے بیلوں کی مالیت 7 لاکھ روپے سے زائد بتائی جارہی ہے۔ اس حوالے سے خواجہ اجمیر نگری پولیس نے چوکیدار عرفان کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ 

دوسری جانب عزیز آباد میں ہائی روف میں سوار مسلح ملزمان شہری سے گھر کے سامنے سے دو قیمتی بکرے چھین کر فرار ہوگئے۔

واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں عید قرباں کے لیے لائے گئے مویشی گائے اور بکرے چوری ہونے کی مبینہ طور پر 60 سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔