ایک نیوز: گریجویشن کی تقریب زمانہ طالب علمی کا وہ دن ہے جس کا ناصرف طالب علم بلکہ والدین بھی بہت بے صبری سے انتظار کرتے ہیں اس موقع پر اولاد کو ملنے والی ڈگری ماں باپ کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہوتی۔
سوشل میڈیا پر ایک تعلیمی ادارے میں منعقدہ گریجویشن تقریب سے لی گئی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں قطار میں کھڑے طالب علم کو اپنی ماں کو دھوپ سے بچانے کیلئے اپنی گریجویشن کی کیپ سے سایہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
A young man used his graduation hat to shade his mother ???? pic.twitter.com/tO85pZP1v9
— ilmfeed (@IlmFeed) June 24, 2023
زیر گردش ویڈیو میں طالب علم گریجویشن کا لباس (کالا کوٹ اور کیپ ) پہنے قطار میں نظم و ضبط سے دیگر طالب علموں کے ہمراہ کھڑا ہے۔
ویڈیو میں مزید دیکھا جاسکتا ہے کہ تمام طالب علم چلچلاتی دھوپ میں کھڑے ہیں اور ان کے ساتھ ان کی والدہ بھی قطار میں ہی دھوپ میں بیٹھی ہوئی ہیں۔
اس دوران ایک طالب علم نے اپنی والدہ کو دھوپ سے بچانے کیلئے اپنی کیپ اتار کر ماں پر سایہ کردیا۔
اس ویڈیو پر طالب علم کو خوب سراہا جارہا ہے اور بیٹے کو فرمانبردار اولاد کہا جارہا ہے ٹوئٹر پر اس ویڈیو کو اب تک12 لاکھ صارفین دیکھ چکے ہیں۔
یہ ویڈیو کس ملک اور کس تعلیمی ادارے کی ہے تاحال یہ معلوم نہ ہوسکا ہے۔