ایک نیوز:صوبائی دار الحکومت میں 9 مئی کے روز جلاؤ گھیراؤ کرنے والے ہجوم کی سیف سٹی کیمروں کی فرانزک رپورٹ سامنے آ گئی۔
رپورٹ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی جانب سے تیار کی گئی ہے، پُرتشدد ہجوم کا لبرٹی سے گرجا چوک تک کا ثبوت مل گیا، ملنے والی ویڈیوز میں نظر آنے والے ملزم اعجاز چودھری کی موجودگی بھی پائی گئی ہے۔
پی ایف ایس اے کو مختلف ویڈیوز بھجوائی گئی تھیں، 9 مئی کے واقعہ میں گرفتار تمام ملزمان ان ویڈیوز میں کارروائیاں کرتے نظر آتے ہیں، ویڈیو میں 4 بج کر 57 منٹ پر ہجوم میں شامل افراد ڈنڈے اور جھنڈوں کے ساتھ شیر پاؤ بریج پر پیدل آ رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 5 بج کر 10 منٹ پر موٹر سائیکل سواروں کا ہجوم بھی گرجا چوک میں اکٹھا ہوا، 5 بج کر 16 منٹ پر طفیل روڈ اور اسد جان روڈ پر بھی ہجوم کے شواہد مل گئے ہیں۔
5 بج کر 25 منٹ پر ہجوم مال آف لاہور کے باہر پہنچ جاتا ہے، 5 بج کر 35 منٹ سے 6 بج کر 45 منٹ تک ہجوم کے افشاں چوک، فورٹریس سٹیڈیم چوک، میڈیکل چوک تک کے بھی شواہد مل گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 8 بج کر 40 منٹ پر سی ایس ڈی میں داخل ہونے کی ویڈیو بھی ہجوم کے شواہد کی موجودگی کا ثبوت ہے، تمام ویڈیوزکی یہ تجزیاتی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی تا کہ ان کو سزائیں مل سکیں۔