(ن) لیگ کا پنجاب اسمبلی میں حمایت کیلئے چوہدری شجاعت سے رابطہ مثبت ردعمل ملا ہے، ذرائع (ن) لیگ

(ن) لیگ کا پنجاب اسمبلی میں حمایت کیلئے چوہدری شجاعت سے رابطہ مثبت ردعمل ملا ہے، ذرائع (ن) لیگ
ایک نیوز نیوز:مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ق)کی حمایت حاصل کرنے کے لئے پارٹی کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے رابطہ کیا ہے۔

چوہدری شجاعت سے درخواست کی گئی ہے کہ ق لیگ کے ارکان پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی حمایت کریں، اس سلسلے میں وہ پارٹی کے سربراہ کی حیثیت سے اپنے ارکان کو ہدایات جاری کریں۔
مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے انہیں چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا ہے، قائد ایوان کے دوبارہ انتخاب کی صورت میں (ق) لیگی ارکان پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑ سکتے ہیں۔
گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اسمبلی کی 5 خالی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کے نوٹی فکیشن جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔
5 مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دوبارہ مل گئیں تو پنجاب اسمبلی میں اس کے ارکان کی تعداد 163 ہوجائے گی جب کہ اسے مسلم لیگ (ق) کے 10 ارکان کی بھی حمایت حاصل ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی پنجاب اسمبلی میں 166 سیٹیں ہیں، اس کے علاوہ اسے پیپلزپارٹی کے 7، آزاد 3 اور راہِ حق پارٹی کے ایک رکن کی بھی حمایت حاصل ہے.
اس طرح ایوان میں حکومتی اتحاد کی طاقت 177 ہے۔

17 جولائی کو 19 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہورہے ہیں، اگر تحریک انصاف ان میں سے 17 نشستیں حاصل کرلیتی ہے تو پنجاب میں وہ ایک مرتبہ پھر حکومت بناسکتی ہے۔