الیکشن کمیشن کا رکن قومی اسمبلی کیخلاف مبینہ دھاندلی کے الزام پر رپورٹ مرتب کرنے کا حکم

الیکشن کمیشن کا رکن قومی اسمبلی کیخلاف مبینہ دھاندلی کے الزام پر رپورٹ مرتب کرنے کا حکم
ایک نیوز نیوز:کراچی،الیکشن کمیشن نےسندھ کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی خورشید جونیجو کے خلاف مبینہ دھاندلی کے الزام کی تفصیلی رپورٹ مرتب کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشن کمیشن سندھ سجاد خٹک کی جانب سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر لاڑکانہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 26 جون 2022ء کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں لاڑکانہ کی یو سی 13 میں دھاندلی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں صوبے کی حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی خورشید جونیجو پولنگ کےدوران دھاندلی کراتے دیکھے جاسکتے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ رکن قومی اسمبلی براہ راست مبینہ دھاندلی میں ملوث ہیں ،یہ ایک جرم کے مترادف ہے اور اس کے خود ان کے خلاف بہت سے قانونی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
لہٰذا الیکشن کمیشن کے دونوں افسران فوری طور پر اس معاملے کی تفصیلی رپورٹ تیار کریں تاکہ اسے الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد سیکرٹریٹ ارسال کیا جاسکے۔
الیکشن کمیشن کا یہ خط چیف سیکرٹری سندھ، آئی جی سندھ پولیس، کمشنر لاڑکانہ اور ڈی آئی جی لاڑکانہ کو بھی بھیجا گیا ہے۔