رپورٹ کے مطابق بھرتیوں کا فیصلہ صوبے میں اساتذہ کی شدید کمی کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ یہ اقدام ے روزگاری سے نمٹنے کی کوششوں کا بھی ایک حصہ ہے۔ بھرتیوں کا اعلان صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے ٹویٹر پر کیا ان کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی گئی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب تمام اضلاع کے سکولوں میں 16000 سے زائد اساتذہ بھرتی کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 2013 سے 2018 تک پاکستان مسلم لیگ نواز کے سابقہ دور حکومت میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے 230,000 سے زائد اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیا تھا۔
یادرہے کہ گزشتہ ماہ پنجاب ٹیچرز یونین نے پنجاب حکومت سے تمام سرکاری سکولوں اور کالجوں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ عملے کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر چوہدری سرفراز نے کہا تھا کہ ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن مہنگائی کے دوران کم تنخواہوں کی وجہ سے وہ مشکلات کا شکار ہیں۔