سوئٹزرلینڈ کی خوبصورتی پاکستان کے مقابلے میں کچھ نہیں: وزیر اعظم عمران خان

Jun 28, 2021 | 16:07 PM

admin
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نےکہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں سیاحت سے 80ارب ڈالر حاصل ہوتے ہیں اور وہاں کی خوبصورتی پاکستان کے مقابلے میں کچھ نہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ناران پہنچے ہیں جہاں انہیں سیاحت اور ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم دورۂ ناران میں خیبر پختونخوا کےسیاحت اور ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں کا آغاز کریں گے۔ان منصوبوں میں دریائے کنہار کے کناروں پر شجر کاری، کمیونٹی ریور رینجرز کو موٹر بائیکس کی تقسیم، دریائے کنہار میں ٹرواٹ مچھلی کی افزائش، ساڑھے پانچ لاکھ ماحول دوست بایو ڈیگریڈیبل بیگز کی فراہمی شامل ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات پر خیبر پختونخوا حکومت کو تحسین پیش کرتاہوں، پہلے یہاں درخت کٹے ہوئے ہوتے تھے لیکن آج بڑے بڑے درخت دیکھ رہا ہوں۔ میں دنیا بھر میں گھوما پھرا ہوا ہوں لیکن پاکستان جیسی خوبصورتی کہیں نہیں، کاغان میں جو خوبصورتی ہے دنیا میں شائد ہی ہوگی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ کی نعمتوں کا شکر ان کی حفاظت کرکے کیا جاتا ہے، ہمیں وہ پاکستان چھوڑ کر جانا ہے جس پر آنے والی نسلیں ہمارا شکریہ ادا کریں، بدقسمتی سے ہمارے بزرگوں نے پاکستان سے انصاف نہیں کیا، ہمارے درختوں اور جنگلات کو تباہ کیا، انہوں نے یہ نہیں سوچا کہ وہ بھی ایسا پاکستان چھوڑ کر جائیں جیسا انہیں ملا تھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے سیاحتی مقامات کا خیال رکھنا ہے، سیاحت سے اتنا پیسہ ملے گا کہ لوگوں کو مالی فائدہ ہوگا، ہمارے سیاحتی علاقوں میں سیاحت سے نوکریاں ملیں گی، ہمارے دین میں پاکیزگی اور صفائی کی بہت اہمیت ہے، ہمیں اپنے ملک کو صاف کرنا ہے، کلین اینڈ گرین پاکستان کے وژن پرعمل پیرا ہیں، درختوں کی حفاظت کے لئے مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے، کاغان میں دریاوَں میں جو ناقص مواد پھینکا جاتا ہے اس پر پابندی لگائی جائے۔ جو بھی قانون بنایا جائے اس پر سختی سےعمل کیاجائے۔

مزیدخبریں