ایک نیوز:تحریک انصاف کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی،گفتگو میں عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمنٹیرینز کے ساتھ فارم 47 کی حکومت بد سلوکیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، ہمارے لوگوں کوغائب کر دیا جاتا ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ شیخ وقاص سمیت تمام ساتھیوں کے خلاف بوگس مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، ہم اس فسطائیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، مسلم لیگ ن پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو فوج کے سامنے کرنا چاہتی ہے، فی الفور الیکشن ہی ان تمام مسائل کا حل ہے، کل ہم اگلے لائحہ عمل پر اجلاس کریں گے۔
اسد قیصر کا کہناتھا کہ ہم شہباز شریف اور اس کی بھتیجی کے رویے کی مذمت کرتے ہیں، ہمارے خلاف بے بنیاد مقدمات کو ختم کیا جائے، ہم اب ملک بھر میں دھرنے بھی دیں گے، ہم تمام جماعتوں کو اپنے ساتھ بیٹھنے کی دعوت دیتےہیں،موجودہ حکومت جعلی اور بغیر میڈینٹ کے ہم پر مسلط ہے۔
شیخ وقاص نے کہا کہ ہمارے ساتھ بد سلوکی کرنے والے لوگوں سے پوچھتا ہوں، کیا آپ اس قوم کو جوابدہ نہیں؟ کیا ہمیشہ یہ حکومت قائم رہے گی؟ ان بے حودگیوں کے بعد اپنے بچوں کو کیسے منہ دکھاتے ہوں گے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ خدارا اس ملک کو مزید تباہی کی جانب نہ دکھیلیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اینٹی کرپشن بھی جاگ گئی، اینٹی کرپشن دس سال پرانے مقدمات بنا رہا ہے، مستی خیل پر مقدمات بنائے، وہ روپوش ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں، لوگوں کا اسلام آباد سے اپنے حلقوں میں جانا مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں جو ہو رہا ہے، اس کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ملک کی اکانومی اور سیکیورٹی سسٹم تباہ ہو کر رہ گیا ہے، پاکستان تحریک انصاف اپنے ہر ورکر اور سیاسیت دان کے ساتھ کھڑی ہے، آنے والے اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی کے پاس پروڈکشن آرڈر کیلئے جائیں گے۔