ایک نیوز: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ترجمان پی ٹی آئی روؤف حسن اور دیگر کو 2 دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔
عدالت نے پی ٹی آئی فیس بک ہیڈ سیدہ عروبہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا، عدالت نے روؤف حسن کے جسمانی ریمانڈ پر محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا، محفوظ شدہ فیصلہ ڈیوٹی جج مرید عباس نے سنایا، ایف آئی اے نے روؤف حسن کے 8 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
اس سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں روؤف حسن اور دیگر کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں ایف آئی اے نے ترجمان پی ٹی آئی روؤف حسن کو ڈیوٹی جج مرید عباس کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ سیدہ عروبہ کو بھی جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے عدالت پیش کردیا گیا ،سیدہ عروبہ کو گزشتہ روز ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریکارڈ میں ریاست مخالف ویڈیوز کے ٹرانسکرپٹ لگائے گئے ہیں، مزید ریکوری کے لیے مزید 8 دن کا جسمانی ریمانڈ درکار ہے، پیکا ایکٹ کے تحت 30 دن کا ریمانڈ حاصل کرسکتے ہیں، جب تک ملزمان کی کسٹڈی نہیں ہوگی تو ہم انکوائری کیسے کریں گے۔
جج مرید عباس نے سوال کیا کہ رؤف حسن کا انڈیا سے ویزا یا ٹکٹ بھی آیا ہے؟
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ جی رؤف حسن کا بھارت سے سفری ٹکٹ آیا ہے۔
جج مرید عباس نے سوال کیا کہ رؤف حسن صاحب، آپ کبھی بھارت گئے ہیں؟ راحول نامی بندے کے ساتھ آپ کی چیٹ ہے، اس کا اقرار کرتے ہیں؟
رؤف حسن نے عدالت کو بتایا کہ جی راحول انگلینڈ میں رہتا ہے اس نے گیسٹ اسپیکر کے طور پر مجھے بحرین بلایا تھا، دسمبر 2023ء میں بحرین بلایا تھا، میں کنگ کالج لندن کا سینئر فیلو ہوں۔