رکن اسمبلی کے بھائی، بھتیجے کا قتل، مرکزی ملزم کے بلوچستان فرار ہونے کی اطلاع

Jul 28, 2023 | 12:58 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز:  ڈیفنس میں قتل کیے جانے والے اکرم ابڑو اور ان کے بیٹے کے قاتل کے بلوچستان فرار ہونے کی اطلاع ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈیفنس میں فائرنگ کےواقعہ میں پولیس کو بڑا بریک تھرو مل گیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث مرکزی ملزم اور اس کے ساتھیوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔ قتل کیس میں زیر حراست 4 افراد میں ملزم کے دو قریبی رشتے دار شامل ہیں جبکہ قتل میں ملوث مرکزی ملزم سمیت 2 ملزمان کا موبائل فون گزشتہ روز بلوچستان میں سوئچ آف ہوا تھا جن کی گرفتاری کے لئے بلوچستان پولیس سے رابطہ کیا گیا ہے۔  آئندہ 48 گھنٹے میں ملزمان کی گرفتاری کا امکان ہے۔

پولیس ذرائع کا  کہنا  ہے کہ واردات میں استعمال کار کا بھی سراغ لگالیا گیا ہے، دہشتگردی میں استعمال ہونے والی کار پر اصلی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی، کار کی مدد سے ممکنہ ملزمان کا سراغ ملا۔ کار 2008 میں رجسٹرڈ ہوئی جو بعد میں کئی مرتبہ فروخت ہوئی لیکن خریداروں نے نام پر ٹرانسفر نہیں کروائی اور گاڑی کراچی میں اوپن لیٹر پر چلتی رہی۔ 

تحقیقات کے دوران پولیس کار کے ایک کے بعد ایک مالک تک پہنچی تو فروخت کا انکشاف ہوا لیکن تفتیش کاروں کے پہنچنے سے پہلے ہی مرکزی ملزم فرار ہوچکا تھا۔ پولیس نے گاڑی کے 2مالکان اور آخری مربتہ فروخت کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا  ہے۔

دوسری جانب  اہل خانہ کی جانب سے تین روز گزرنے کے باوجود تاحال مقدمہ درج نہیں کرایا گیا ہے۔ مقدمہ درج نہ کرانے سے پولیس کو تفتیش میں مشکلات کا سامنا ہیے،
یاد رہے کہ ڈیفنس میں فائرنگ سے اکرم ابڑو اور ان کا بیٹا جاں بحق ہوئے تھے۔

مزیدخبریں