پاکستان منرلز سمٹ ، ڈسٹ ٹو ڈویلپمنٹ خوشحالی کا ضامن

ایک نیوز: پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے ساتھ ساتھ زمین میں چھپے معدنیات  کے ذخائر سے مالا مال ہے، جن کو استعمال کرکے پاکستان کی تقدیر کو بدلا جاسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی عوام کی معاشی حالت کو بدلنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے حکومت پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف کی مشترکہ کاوشوں سے سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل(SIFC) کا قیام عمل میں لایا گیا۔

اس اقدام کے تحت ملک میں موجود بنجرز زمینوں کوجدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور کارپوریٹ فارمنگ سے قابل کاشت بنانا، مال مویشیوں کی جدید اصولوں کے تحت افزائش، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انقلابی اقدامات اور زمین میں چھپے معدنیات کے خزانوں کی جدید اور تیز تر طریقے سے کان کنی کے ذریعے ملکی برآمدات کی پیداوار کو بڑھانا شامل ہیں۔اس حوالے سے بیرونی دنیا سے سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد کو مدعو کرکے پاکستان میں مختلف پیداواری شعبوں بشمول زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور معدنیات کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

اس سلسلے کے تحت یکم اگست کو اسلام آباد میں ''پاکستان منرلز سمٹ - ڈسٹ ٹو ڈویلپمنٹ'' کا انعقاد کیا جا رہا ہے،جس کا مقصدملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کی توجہ معدنی ذخائر کی جانب  مبذول کرانا ہے،زمین میں چھپے مختلف معدنی ذخائرپاکستان کی معاشی ترقی اور محفوظ مستقبل کے ضامن ہیں،پاکستان میں سونے اور تانبے کے علاوہ کرومائیٹ،لوہا،لیڈ زنک،کوئلہ،جپسم،ماربل اور گرینائٹ کے بھی وسیع ذخائر موجود ہیں،اس حوالے سے ملک میں بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہوسکے گااور نوجوان نسل کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے۔

معدنیات پر سربراہی اجلاس صنعت کی رفتار کو  تیز کردے گا۔ بامعنی بات چیت اور تزویراتی شراکت داری کے ذریعے معدنیات کے شعبے میں اقتصادی ترقی، روزگار کی تخلیق اور تکنیکی ترقی کو اجتماعی طور پر آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔