ایک نیوز: ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے آج اور کل پنجاب، کے پی اور بلوچستان میں طوفانی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ 30جولائی تک جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج مطلع ابر آلود رہے گا۔ نشیبی علاقے زیرآب آنے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ مانسہرہ، ہری پورمیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ کوہستان، مالاکنڈ، پشاور، مردان، صوابی میں بادل برسیں گے تو کشمیر اورگلگت بلتستان میں بھی مطلع ابرآلود رہنے اور بارش کا امکان ہے،جبکہ دیر، چترال، سوات، شانگلہ، بونیر، ایبٹ آباد میں بارش کا امکان ہے۔بلوچستان میں ژوب،شیرانی، قلعہ سیف اللہ، بارکھان میں بارش ہو سکتی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا ۔ سکھر،جیکب آباد ، لاڑکانہ اورشہید بینظیرآباد میں بارش کا امکان ظاہرکیا گیا ہے۔
گزشتہ روز لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے رم جھم ہوئی، لاہور میں بھی تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں ریکارڈ کی گئی،تخت بائی میں 106 اور مردان میں 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔لاہورمیں نشتر ٹاؤن کے مقام پر 65 ملی میٹر، اسلام آباد میں بوکرہ 35 زیرو پوائنٹ 29 ملی میٹر، راولپنڈی میں کچہری 48 اورچکلالہ 40 ملی میٹر جبکہ بلوچستان میں سب سے زیادہ بارش مسلم باغ میں 38 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
مون سون بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔آزاد کشمیر میں مون سون کی طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث بجلی کا نظام متاثرہونے سے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے ۔مظفرآباد شہر اور گردونواح میں بارش، سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
آواران میں متعدد گاڑیاں برساتی ریلے میں بہہ گئیں، مقامی افراد نے خواتین اور بچوں سمیت 31 افراد کو ریسکیو کر لیا، کوئٹہ اور کوہلو سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں رات گئے بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی تاہم دو افراد کو بچا لیا گیا۔ رحمان آباد اور کاہان میں رابطہ سڑک بند ہوگئی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے/حفاظتی تدابیر
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 9 اور 10 محرم کو پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کے امکانات ہیں، پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج رات بھی شدید بارشوں کے امکانات ہیں، محرم کے جلوسوں کی انتظامیہ موسمی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی تدابیر اختیار کرے، بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے فاصلہ اختیار کیا جائے، خستہ حال چھتوں کے اوپر محافل کے انعقاد سے گریز کیا جائے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں کی کراسنگ سے ممکنہ حد تک گریز کیا جائے، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، ندی نالوں کے کنارے بستیوں کے مکین خاص طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت جاری کر دی ہے کہ نویں اور دسویں محرم کو ریسکیو ادارے خاص طور پر الرٹ رہیں۔