ایک نیوز: کربلا میں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے 9 محرم الحرام کے جلوس روایتی راستوں سے ہونیوالے اپنی اپنی منازل پر اختتام پذیر ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق اسی مناسبت سے لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں ماتمی جلوس برآمد ہوئے ۔علمائے کرام اور ذاکرین نے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ملک کے مختلف علاقوں میں سخت سکیورٹی میں ماتمی جلوس نکالے گئے۔ جس میں عزادار ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یادکیاگیا۔
کربلا میں تین روز تک بھوک اورپیاس کا سامنا کرنے والے اہل بیت کی یاد میں گلی محلوں میں پانی اورشربت کی سبیلیں لگائی گئی ہیں جب کہ جگہ جگہ لنگر کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔
لاہور کامرکزی جلوس
لاہور میں 9 محرم کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے 72 زیارتوں کا جلوس برآمد ہوا جو روایتی راستوں ہوا واپس پانڈو سٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
کراچی کا مرکزی جلوس
نواسۂ رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم حضرت امام حسین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ اور رفقا کی عظیم قربانی کی یاد میں کراچی میں 9 محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگیا۔نشتر پارک سے مرکزی جلوس ایم اے جناح روڈ پر برآمد ہوا۔ جلوس کے شرکاء نے امام بارگاہ علی رضا پر نماز ظہرین ادا کی۔ عزداران نےامریکا، اسرائیل اور سوئیڈن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
چونیاں کامرکزی جلوس
چونیاں تلونڈی میں امام بارگاہ ابی طالب سے جلوس برآمد ہو جو روایتی روٹس سے ہوتا ہوا ڈیرہ شبیر حسین شاہ پر اختتام پذیر ہوا اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کے گئے تھے۔
جلال پوربھٹیاں کامرکزی جلوس
جلال پوربھٹیاں میں رسول پور تارڑ سے 9 محرم الحرام کا جلوس مرکزی امام بارگاہ قصر ابو طالب سے برآمد ہوا جو امام بارگاہ قصر ابو طالب پہنچ کر اختتام پذیر ہو ا۔جلوس کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
نارووال کا مرکزی جلوس
نارووال میں 9ویں محرم الحرام کا جلوس محمدی چوک سےعلم مبارک سےنو بجے برآمد ہوا،ایک بجے دوپہر چھوٹی مسجد محلہ خواجگان نارووال میں اختتام پذیر ہوا ۔نارووال کے تمام امام بارگاہ میں رات 8سے 12بجے تک سلسلہ جاری رہا ،ضلع بھر میں محرم الحرام کے 157جلوس اور 783مجالس ہو ئیں۔،05ڈی ایس پیز، 14انسپکٹرز،55سب انسپکٹرز،61اے ایس آئیز،80ہیڈ کانسٹیبلز 600کانسٹیبلز تعینات کردیئے گئے تھے۔49ٹریفک پولیس کے افسران و جوان اور 385والینٹئیرز تعینات کئے گئے تھے
منڈی بہاؤالدین کامرکزی جلوس
منڈی بہاؤالدین میں نویں محرم کا مرکزی جلوس محلہ صوفی پورہ میں پیر بگھے شاہ کی حویلی سے برآمد ہوا روایتی راستوں سے ہوا منزل پرپہنچ کر اختتام پذیرہوا ۔مومنین نے ہاتھوں میں جھولا علی اصغر اور علم اٹھا رکھے تھے، جلوس کے ہمراہ شبیہ ذوالجناح بھی برآمد ہوئی، ماتمین حضرت امام حسین علیہ السلام اور انکے احباب کی شہادت پر نوحہ خوانی اور ماتم داری کرتے رہے، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے اور جلوس کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا تھا۔
اسلام آباد کا مرکزی جلوس
اسلام آباد میں 9 محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ا ثنا عشری جی6 سےبرآمدہو گیا،جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اسی جگہ اختتام پذیر ہوگا۔
سکیورٹی پر 1685 اہلکار و افسران تعینات
پولیس کے مطابق مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر 1685 اہلکار و افسران تعینات ہوں گے جن میں 5 ڈی پی اوز، 14 ڈی ایس پیز اور 21 انسپکٹر بھی فرائض سر انجام دیں گے جب کہ جلوس کی سکیورٹی کے لیے رینجرز اور ایف سی بھی تعینات ہوگی۔
پشاورکا مرکزی جلوس
پشاور میں 9محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمدہو ہوا ،دوسرا جلوس امام بارگاہ بی بی صاحبہ تحصیل سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے واپس اپنی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوا ۔
موبائل سروس بند/دفعہ 144 نافذ
متعدد شہروں میں جلوس کی گزرگاہوں میں موبائل فون سروس بند رہی اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی۔