بوائے فرینڈ کھونے کا ڈر ،خاتون نےکالاجادوکروانےکیلئےچوری کرلی

Jul 28, 2023 | 03:22 AM

ایک نیوز:چین میں اپنی نوعیت کا ایک عجیب واقعہ پیش آیا جہاں بوائے فرینڈ پر کالا جادو کروانے کیلئے خاتون نے اپنے آفس سے کروڑوں روپے چوری کرلیے۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ سال پیش آیا تھا لیکن اب میڈیا کی سرخیوں کی زینت بن رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین میں ایک کمپنی میں کام کرنے والی خاتون اکاؤنٹنٹ نے اپنے بوائے فرینڈ سے تعلق مضبوط کرنے اور دونوں کے رشتے میں آنے والی مشکلات کو ختم کرنے کیلئے کالا جادو کروانے کا فیصلہ کیا جس کیلئے اس نے اپنی کمپنی کے اکاؤنٹ سے مجموعی طور پر6 لاکھ 77 ہزار ڈالرز( 19 کروڑ روپے سے زائد) کی رقم چوری کی۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ خاتون نے سب سے پہلے مارچ 2018 میں کمپنی کے اکاؤنٹ سے رقم غلط طریقے سے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرنا شروع کی۔
اس وقت اسے اپنے بوائے فرینڈ کو کھونے کا ڈر تھا جس کی وجہ سے وہ کالا جادو کروا کر اس رشتے کو بچانا چاہتی تھی۔ تاہم گزشتہ سال اگست میں کمپنی کے اکاؤنٹ میں غیر معمولی طور پر رقم کم ہوئی تو خاتون کا بھانڈا پھوٹا۔
کمپنی کی انتظامیہ کو معلوم ہوا کہ خاتون کمپنی کے فنڈز کا غلط استعمال کر رہی ہے  جس کے بعدپولیس کو اطلاع کی گئی اور خاتون کو شمال مشرقی چین کے لیاؤننگ صوبے سے گرفتار کیا گیا۔
اس معاملے کی تحقیقات کے دوران افسران نے کئی ڈیزائنر بیگز اور کپڑے ضبط کیے جو خاتون نے چوری کی رقم سے خریدے تھے۔
رپورٹس کے مطابق گرفتاری کے بعد خاتون نے کہا کہ اس نے جو کچھ کیا اسے اس پر کوئی پچھتاوا نہیں، اس کالے جادو کی وجہ سے میرا رشتہ نہیں ٹوٹا اور بوائے فرینڈچھوڑ کر نہیں گیا۔
تاہم یہ واضح نہیں ہوا کہ خاتون کو کیا سزا دی گئی۔

مزیدخبریں