ایک نیوز:امریکی ریاست فلوریڈا میں سمندر کی سطح کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے جو ممکنہ طور پر ایک عالمی ریکارڈ ہے۔
تفصیلات کےمطابق فلوریڈا کے ساحلی حصے Manatee Bay میں سمندری سطح کا درجہ حرارت 38.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
یعنی اس جگہ سمندر کا پانی ایک ہاٹ ٹب جتنا گرم ہوگیا جس کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ رکھا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 24 جولائی کی شام 5 سے 8 بجے کے دوران سمندری سطح کا درجہ حرارت 37.8 سے 38.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
درحقیقت سمندر کی ڈیڑھ میٹر گہرائی میں بھی درجہ حرارت لگ بھگ یہی تھا۔
سمندر کے سب سے زیادہ درجہ حرارت کا کوئی رسمی ریکارڈ تو موجود نہیں مگر اس سے پہلے 2020 میں کویت کے قریب خلیج فارس میں 37.6 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا، جسے اب تک سب سے زیادہ تصور کیا جاتا تھا۔
اگر فلوریڈا کے ساحلی حصے کے سمندری پانی کے درجہ حرارت کی تصدیق ہوتی ہے، تو یہ دنیا میں کسی علاقے کی سمندری سطح کا سب سے زیادہ درجہ حرارت قرار پائے گا۔
یو ایس National Oceanic and Atmospheric Administration (این او اے اے) کے مطابق اس سال موسم گرما کے دوران جنوبی فلوریڈا میں تاریخ کا سب سے زیادہ درجہ حرارت دیکھنے میں آیا تھا۔
این او اے اے کے مطابق سمندر کا بہت زیادہ درجہ حرارت تشویشناک ہے۔
امریکی ادارے نے کہا کہ جنوبی فلوریڈا میں بحری ہیٹ ویو سے خطے کے حساس بحری نظام پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔اسی طرح زیادہ پانی کے درجہ حرارت میں اضافے سے سمندری طوفانوں کی شدت بھی بڑھ سکتی ہے۔
خیال رہے کہ 2023 کے دوران دنیا بھر میں سمندری سطح کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔اپریل میں سمندری پانیوں کا عالمی درجہ حرارت ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا تھا۔
اسی طرح 24 جولائی کو بحیرہ روم کی سطح پر بھی تاریخ کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 28.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔