ایک نیوز نیوز: حریت رہنما یاسین ملک کو تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال پر رہنے کی وجہ سے طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد اہلیہ مشعال ملک کا اہم بیان سامنے آگیا۔
یاسین ملک کی اہلیہ مشعال نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حریت رہنما کی بھارتی تہاڑ جیل میں بھوک ہڑتال کی وجہ سے حالت تشویشناک ہے۔
مشعال نے کہا کہ یاسین ملک ہسپتال میں داخل ہیں،ان کی جان خطرے میں ہے جبکہ انہوں نے ڈاکٹروں سے طبی امداد لینے سے انکار کر دیا ہے۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کے ساتھ بھارتی عدالتوں کے رویے پر دنیا کی مجرمانہ خاموشی پر افسوس ہے،انسانی حقوق کی تنظیمیں میرے شوہر کو انسانی حقوق سے محروم کرنے کی بھارتی سنگین خلاف ورزی کا نوٹس لیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یاسین ملک گزشتہ کئی روز سے بھوک ہڑتال پر ہیں جس کی وجہ سے ان کے جسم میں پانی کی کمی ہوگئی، انہیں انجیکشن کے ذریعے فلوڈز دیے جارہے تھے لیکن وہ یاسین ملک کے لیے کافی نہیں تھے۔
58 سالہ یاسین ملک نے جمعہ کی صبح سے غیر معینہ مدت تک بھوک ہڑتال کا اعلان اس وقت کیا جب انہیں ربیعہ قتل کیس میں عدالت میں پیش ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔