ویب ڈیسک :پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے والے عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے تین لاکھ 67 ہزار 73 پولنگ سٹیشن و پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیے کے مطابق 90 ہزار 675 پولنگ سٹیشن جبکہ 2 لاکھ 76 ہزار 398 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ سکیم کی سمری کے مطابق پنجاب میں 50 ہزار 944 پولنگ سٹیشن جبکہ ایک لاکھ 49 ہزار 434 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں ۔ سندھ میں 19 ہزار 6 پولنگ سٹیشن جبکہ 65 ہزار 5 پولنگ بوتھ، خیبر پختونخوا میں 15 ہزار 697 پولنگ سٹیشن جبکہ 47 ہزار 77 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، بلوچستان میں 5 ہزار 25 پولنگ سٹیشن جبکہ 14 ہزار 882 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
اس طرح ملک بھر میں مردوں کے پولنگ سٹیشنز کی تعداد 25 ہزار 320 جبکہ خواتین پولنگ سٹیشنز کی تعداد 23 ہزار 952 ہے جبکہ مردوں اور خواتین کے مشترکہ پولنگ سٹیشنز کی تعداد 41 ہزار 403 ہے۔اسی طرح ملک بھر میں مردوں کے پولنگ بوتھ کی تعداد ایک لاکھ 47ہزار 552جبکہ خواتین کے پولنگ بوتھ کی تعداد ایک لاکھ 28ہزار 846 ہے۔دوسری جانب عام انتخابات کے لیے مختلف حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام شروع کر دیا گیا ہے
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق عام انتخابات کے لیے مختلف حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ پرنٹنگ کا کام 4 فروری تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
بیلٹ پیپرزکی چھپائی کے لیے 270 ٹن خصوصی کاغذ استعمال کیا جا رہا ہے۔کل 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلی کے بیلٹ پیپرز ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کو فراہم کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کے ضلع لودھراں اور وہاڑی کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 2 حلقوں کے بیلٹ پیپرز متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کو ارسال کر دیئے گئے ہیں۔بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام جاری ہے جو 4فروری تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
اس وقت سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن، پاکستان پوسٹل فائونڈیشن اور پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام جاری ہے۔