بلوچستان کا بجٹ چار بار بڑھایا مگر وہ کہیں نظر نہیں آرہا،آصف زرداری

بلوچستان کا بجٹ چار بار بڑھایا مگر وہ کہیں نظر نہیں آرہا،آصف زرداری
کیپشن: بلوچستان کا بجٹ چار بار بڑھایا مگر وہ کہیں نظر نہیں آرہا،آصف زرداری

 ویب ڈیسک :پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں اب بھی پرفیکٹ جمہوریت نہیں، بلوچوں کو ان کا حق دلائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع حب میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ حب کراچی سے ایک گھنٹہ دوری پر ہے، یہاں اسپتال ہونے چاہئیں، حب کو بھی کراچی جیسا ہونا چاہیے۔

آصف زرداری نے کہا کہ حب میں پانی کی سہولت، کالج اور یونیورسٹیاں ہونی چاہیے، حب کا بجٹ یہاں نظر نہیں آتا، ہم حب کو بڑھانے اور چلانے کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا بجٹ چار بار بڑھایا مگر وہ کہیں نظر نہیں آرہا، امن و امان بہتر کریں تو کراچی کےسرمایہ کارخود یہاں آئیں گے۔ 

 آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک میں اب بھی پرفیکٹ جمہوریت نہیں ہے، بلوچوں کو ان کی دھرتی کا حق دلوائیں گے، ان دوستوں کو سمجھائیں جو ہتھیاراٹھاتے ہیں، آپ کیوں ہتھیار اٹھاتے ہیں، جمہوریت کی طرف چلیں، جمہوریت پر چلنے سے مسائل حل ہوں گے۔