دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست جاری

Jan 28, 2024 | 23:01 PM

ویب ڈیسک :دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست جاری کردی گئی ،ابوظہبی دنیا کے محفوظ ترین قرار دیئے گئے شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کو دنیا کے محفوظ ترین علاقوں میں سب سے اوپر دیکھا گیا ہے، جس نے 86.9 نمبر لئے ہیں اور جرائم کے ارتکاب یا اعداد و شمار کے حوالے سے دنیا بھر میں سب سے نیچے ہے، یو اے ای میں جرائم کی شرح 13.1 ہے۔ تائیوان کا دوسرا نمبر ہے جبکہ قطری دارالحکومت دوحا نے تیسری اور دبئی نے چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس کے مقابلے میں وینزویلا کا شہر کراکس میں تحفظ کیلئے اقدامات اور ماحول کمترین نمبروں کے ساتھ دنیا کے غیر محفوظ ترین شہروں سے سب سے اوپر ہے، کراکس میں جرائم کی شرح 82.2 ہے جبکہ اس کا محفوظ ماحول میں نمبر 17.8 ہے۔

اسی فہرست میں دبئی نے محفوظ شہر ہونے کے ناطے 83.5 نمبر حاصل کیے ہیں اور اس کے ہاں جرائم کی شرح 16.5 بتائی گئی ہے۔ویب سائٹ ’’نامبیو‘‘ کے مطابق یہ اعدادو شمار ان ملکوں کے دورروں پر آنے والے سیاحوں اور دوسرے افراد سے کیے گئے سرویز کی بنیاد پر مرتب کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں نامبیو کی ویب سائٹ کا بتانا ہے کہ مجموعی طور پر 195 ملکوں سے متعلق رپورٹس، سرویز اور اعداد و شمار سے مدد لی گئی ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق محفوظ شہروں کے بارے میں انڈیکس ان میں جرائم کے حوالے سے انڈیکس کے برعکس ہوتا ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق اس سلسلے میں 20 ملکوں کو سب سے محفوظ قرار دیا گیا ہے، 20 سے 40 ملکوں کو کم درجے پر محفوظ کہا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 40 سے 60 کے درمیان آنیوالے ملکوں کو درمیانے محفوظ ملکوں میں شامل کیا گیا ہے جبکہ باقی ملکوں کو غیر محفوظ ملک قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس فہرست میں پاکستان کے 4 شہر بھی شامل ہیں جن میں اسلام آباد کا 77، لاہور کا 112، راولپنڈی 214 جبکہ سب سے بڑے شہر کراچی کا 257 واں نمبر ہے۔

واضح رہے ابوظہبی نے 2023ء میں محفوظ ترین ملکوں کی فہرست میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ اس سے پچھلے سال 2022ء میں ابوظہبی نے محفوظ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر تھا۔

مزیدخبریں