عوام کسی کو چوتھی بار وزیراعظم بننا نہیں دیکھنا چاہتے ، بلاول بھٹو

عوام کسی کو چوتھی بار وزیراعظم بننا نہیں دیکھنا چاہتے ، بلاول بھٹو
کیپشن: عوام کسی کو چوتھی بار وزیراعظم بننا نہیں دیکھنا چاہتے ، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک :پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جو سمجھ رہے ہیں کہ وہ چوتھی بار وزیراعظم بننے جارہے ہیں، وہ سخت غلط فہمی میں ہیں، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، چوتھی بار وزیراعظم بننے کی سازش ناکام بنائیں گے۔

راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  اسی شہر میں موجود ہوں جہاں ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کیا گیا، میں اسی جگہ کھڑا ہوں جہاں شہید بینظیر بھٹو نے آخری تقریر کی تھی۔

بلاول نے کہا کہ ہمارا ملک خطرے میں ہے،ایک طرف معاشی بحران ہے، دوسری طرف جمہوری بحران ہے، دہشت گردوں کو شکست دی تھی، وہ ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں،  ملک کو پیپلزپارٹی ہی بچا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عوامی معاشی معاہدہ پیش کیا ہے،ہمارا معاشی معاہدہ روٹی،کپڑا،مکان دلوائے گا، پیپلز پارٹی تقسیم کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کرے گی،پی پی  واحد جماعت ہے جو سب کو ساتھ لیکر چل سکتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارا 10 نکاتی عوامی معاشی معاہدہ غربت اور مہنگائی کا مقابلہ کرے گا،  نفرت اور تقسیم کی سیاست کی وجہ سے بحران پیدا ہوا ہے ، ملک کے عوام کے مسائل پیپلزپارٹی حل کرسکتی ہے ، ملک کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔بلاول کا کہنا تھا کہ ایک جماعت نے پرانی سیاست شروع کی ہے جس سے اس نے توبہ کی تھی، ماضی میں روایت رہی ہے مقابلہ کرنے کے بجائے بہانے بناتے ہیں، گڈ اور بیڈ طالبان نہیں ہوگا،تمام دہشتگردوں کا مقابلہ کریں گے، آپ نے سوچ سمجھ کر ووٹ کا ہتھیار استعمال کرنا ہے،  سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالتے ہیں تو غیر جمہوری سازش ناکام بناسکتے ہیں، اس وقت جذباتی ہونے کی نہیں ہوشیار ہونے کی ضرورت ہے، عوام ووٹ ضائع نہ کریں،تیر پر ووٹ لگا کر سازش کو ناکام بنائیں۔