ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج ہر شخص کے پاس روزگار ہوتا ، نوازشریف

ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج ہر شخص کے پاس روزگار ہوتا ، نوازشریف
کیپشن: ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج ہر شخص کے پاس روزگار ہوتا ، نوازشریف

ویب ڈیسک :مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف نے کہا کہ ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج ہر شخص کے پاس روزگار ہوتا۔

تفصیلات کےمطابق سیالکوٹ میں عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ سیالکوٹ والوں نے دل خوش کردیا ہے، سیالکوٹ باوفا لوگوں کا شہر ہے، سیالکوٹ کا نام پورے برصغیر میں گونجتا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ خواجہ آصف سے گزشتہ 55 سال کا تعلق ہے، خواجہ آصف میرے ساتھ گورنمنٹ کالج لاہور میں تھے،انہوں نے میرے ساتھ گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کیا، یہ بہترین سیاستدان ہی نہیں بہترین انسان بھی ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ہم نے بنائی لیکن افتتاح کا موقع نہیں ملا، لاہور سے سیالکوٹ تک ٹرین سروس شروع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کون کہتا ہے کہ یوتھ ن لیگ کے ساتھ نہیں ہے، سارا جلسہ ہی 30 سال سے کم عمر افراد کا ہے، 2017 کا پاکستان جو میں چھوڑ کر گیا تھا وہ نظر نہیں آتا، ہم بہت پیچھے چلے گئے ہیں، آج ہر نواجون کے پاس روزگار ہونا چاہئے، ہماری حکومت نہ ختم کی جاتی توآج سب کے پاس روزگار ہوتا۔بجلی، گیس، پیٹرول سب آپ کے بس سے باہر ہوگیا ہے، ان سے پوچھو جنہوں نے ملک کے ساتھ اتنا بڑاظلم کیا ہے، میرے ساتھ جو ظلم ہوا اس کو برداشت کرسکتا ہوں، آپ کے ساتھ جوظلم ہوا اس کوبرداشت نہیں کرسکتا۔

اس موقع پر مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیالکوٹ وفا داروں کا شہر ہے، سیالکوٹ واحد شہرہے یہاں نوازشریف دوسری بار آئے ہیں۔ نوازشریف نے کہا موٹر وے کا معیار ٹھیک نہیں تھا دوبارہ بناؤں گا۔

انھوں نے کہا کہ نوازشریف نے اگر وعدہ کیا ہے تو وعدہ نبھائےگا، آپ کا مقدر پیٹرول بم نہیں، آئی ٹی اسٹارٹ اپس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالنا کیوں کہ تقدیر کا فیصلہ ہے، 8 فروری کو کوئی ن لیگ کا ووٹراور سپورٹر گھر نہ بیٹھے، ووٹ کی پرچی صرف پرچی نہیں ہوتی آپ کا مستقبل ہوتا ہے۔