ن لیگ،پیپلزپارٹی کے بعد پی ٹی آئی کا انتخابی منشور پیش 

ن لیگ،پیپلزپارٹی کے بعد پی ٹی آئی کا انتخابی منشور پیش 
کیپشن: ن لیگ،پیپلزپارٹی کے بعد پی ٹی آئی کا انتخابی منشور پیش 

ویب ڈیسک : سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم جاری ، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے بعد تحریک انصاف نے بھی اپنا انتخابی منشور پیش کردیا۔
 تفصیلات کے مطابق رہنما تحریک انصاف بیرسٹرگوہر کاپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ الیکشن 2024کیلئے انتخابی منشورپیش کردیا۔انکاکہنا تھا کہ ہم اقتدار میں آکر آئینی ترامیم کروائیں گے، جس کے تحت وزیراعظم کو براہ راست عوام منتخب کریں گے، اسمبلی کی مدت پانچ سال سے کم کر کے چار سال کریں گے۔
بیرسٹرگوہرکاکہنا تھا کہ تحریک انصاف کے امیدوار اگرچہ آزاد الیکشن لڑ رہے ہیں لیکن وہ آزاد نہیں پارٹی کے ساتھ ہیں، شاندار پاکستان ، شاندار مستقبل اور خراب ماضی سے چھٹکارا ہمارا نیا منشور ہے۔ تحریک انصاف اقتدار میں آکر ایک اور ٹرتھ ری کنسیلیئیشن کمیشن قائم کریگی۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمارا منشور ہے ایک قوم ایک جیسا قانون، سب ہونگے برابر، ایک ملک میں دو قانون نہیں ہوسکتے ، ہم رول آف لاء پر زور دیتے ہیں، فوجداری ہو یا سول ہمارے کچھ قوانین فرسودہ ہوچکے ہیں، عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی خاطر فوجداری قوانین میں تبدیلیاں لیکر آئیں گے، نیا پاکستان اور نیا تفتیش کانظام کے تحت ہم آئینی ترامیم لائیں گے۔
 بیرسٹر گوہر کاکہنا تھا کہ آئینی ترامیم کرکے وزیراعظم کو عوام سے براہ راست منتخب کرانے کا طریقہ لائیں گے، اسمبلی کی مدت پانچ سال سے کم کرکے چار سال کریں گے، سینیٹ کی مدت چھ سال سے کم کرکے پانچ سال کردیں گے، پچاس فیصد سینیٹ کو براہ راست عوام سے منتخب کرنےکا طریقہ اپنائیں گے۔