ایک نیوز:ڈرگ ریگولیٹر اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے غیر معیاری ادویات سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے۔
ڈریپ نے اپنے تازہ الرٹ میں درد میں استعمال ہونے والی 2 مختلف گولیاں اور شربت کو غیر معیاری قرار دیا ہے۔
ڈریپ اعلامیے کے مطابق غیر معیاری قرار دی گئی گولیاں اور شربت جوڑوں اور پٹھوں کے درد میں استعمال کےلیے تھے۔
ڈریپ کی طرف سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ فینبار (Fenbar) 50 ملی گرام کی گولی بیچ نمبر 2752 غیر معیاری ہے، غیر معیاری فینبار گولی کی مینوفیکچرنگ اپریل 2022 اور ایکسپائری اپریل 2025 ہے۔ میفکو 50 ملی گرام کی گولی اور 5 ملی لیٹر کا شربت جن کا بیچ نمبر 21053 ہے غیر معیاری ہیں، غیر معیاری میفکو کی گولی اور شربت کی مینوفیکچرنگ تاریخ ستمبر 2022 ایکسپائری ستمبر 2024 ہے۔
اعلامیے کے مطابق شہری متعلقہ گولیاں اور شربت کا استعمال فوری طور پر بند کریں، ان ادویات کے استعمال کے بعد اگر کوئی مسائل درپیش آئیں تو فوری طور پر معالج سے رجوع کریں۔
تمام فارماسسٹ اور کیمسٹ متعلقہ بیچ کی ادویات کی فراہمی فوری روکیں جبکہ غیر معیاری گولیوں اور شربت کا موجود اسٹاک فوراً کمپنیوں کو واپس کیا جائے۔