ویب ڈیسک:نوشہرہ میں دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں دھماکا ہو گیا جس میں 4 افراد شہید جبکہ 12 زخمی ہوئے ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے میں جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا حامد الحق سمیت 4 افراد شہید ہوئے ہیں جبکہ دھماکے میں 12 افراد زخمی ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکا نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران ہوا، دھماکے میں مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے مولانا حامدالحق بھی شدید زخمی ہوئے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
ریسکیو کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے نوشہرہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خودکش ہے، دھماکے میں مولانا حامدالحق کو نشانہ بنایا گیا، واقعہ سے متعلق مزید تحقیقات کررہے ہیں، مختلف علاقوں میں تھریٹس موجود ہیں، جمعہ کیلئے 25 جوان تعینات تھے۔