ایک نیوز:وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف سے یونیورسٹی آف لندن کی پرو وائس چانسلر، انٹرنیشنل، لرننگ اینڈ ٹیچنگ پروفیسر میری سٹیسنی کی ملاقات ،بہترین معیارتعلیم پرگفتگو کی ۔
تفصیلات کے مطابق مریم نوازشریف نے پروفیسر میری سٹیسنی کی دنیا بھر میں معیاری تعلیم، اساتذہ کی تربیت اور وظائف کی فراہمی کے لئے کاوشوں کو سراہا ۔
پروفیسر میری سٹیسنی نے پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلی منتخب ہونے پر مریم نوازشریف کو مبارک دی ۔مریم نوازشریف نے پروفیسر میری سٹیسنی کو صوبہ پنجاب میں تعلیم کے فروغ، اساتذہ کی تربیت سے متعلق اپنے ایجنڈے سے آگاہ کیا ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کاکہنا تھاکہ ہر بچے اور بچی کی معیاری تعلیم، انہیں ہنر مند بنانا میری ترجیح ہے۔آئی ٹی کی بنیاد اور جدید خطوط پر تعلیمی نصاب تیار کرنا چاہتے ہیں۔ہر بچے اور بچی کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہنر سکھانا چاہتے ہیں۔صوبہ پنجاب کے طالب علموں کو انٹرنیشنل سکالرشپس کی فراہمی چاہتے ہیں۔
مریم نوازشریف نے پروفیسر میری سٹیسنی سے اساتذہ کے لئے آن لائن تربیتی کورسز کے آغاز پر بھی گفتگو کی ۔ خاص طورپر بچیوں کی تعلیم کے لئے اساتذہ کی تربیت کے کورسز سے متعلق تبادلہ خیال کیا ۔
مریم نواز کا پروفیسر میری سٹیسنی سے گفتگو میں کہنا تھاکہ آپ کا برس ہا برس کا تجربہ بچیوں کو تعلیم یافتہ بنانے کے لئے بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
پروفیسر میری سٹیسنی نے تعلیم بالخصوص بچیوں کی تعلیم، اساتذہ کی تربیت، معیاری نصاب، ہنرمندی اور سکالرشپس کے لئے مریم نوازشریف کے جذبے کو سراہا ۔
پروفیسر میری سٹیسنی کاکہنا تھاکہ ایک خاتون کے طور پر آپ سے یہی توقع تھی کہ آپ تعلیم کو اپنے ایجنڈے کا اہم حصہ بنائیں گی۔امید ہے کہ آپ پختہ عزم کے ساتھ اس مقصد کو حاصل کرپائیں گی۔