ایک نیوز:خیبر پختونخوا اسمبلی کے پہلے اجلاس میں نو منتخب ارکان نے شدید بدنظمی کے دوران حلف اٹھا لیا ہے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس کی صدارت اسپیکر مشتاق غنی نے کی، اجلاس کے آغاز میں شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔بعد ازاں اسپیکر نے صوبائی اسمبلی کے 116 ارکان سے عہدے کا حلف لیا، مشتاق غنی نے تمام ارکان کو مبارکباد بھی دی، ارکان کے حلف اٹھانے کے بعد بھی خیبرپختونخوا اسمبلی میں شدید نعرے بازی کی گئی۔
حلف لینے والے ارکان میں سنی اتحاد کونسل کے 87، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 9، (ن) لیگ کے 8، پیپلز پارٹی کے 5، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے 2 اور 4 آزاد ارکان شامل ہیں۔
مشتاق غنی نے بتایا کہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل ہوگا۔واضح رہے کہ آج خیبرپختونخوا اسمبلی میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں شدید بد نظمی دیکھنے میں آئی ہے۔
اجلاس کے آغاز میں کارکنان نے ایوان میں ہلڑ بازی کرتے ہوئےمینڈیٹ چور کے نعرے لگائے جس کے باعث اجلاس ڈیرھ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا
Feb 28, 2024 | 14:39 PM