لاہوریوں نے پی ایس ایل میں رنگ بھر دئیے، نجم سیٹھی

لاہوریوں نے پی ایس ایل میں رنگ بھر دئیے، نجم سیٹھی
کیپشن: Lahoris filled the PSL, Najam Sethi

ایک نیوز :سربراہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ لاہوریوں نے پی ایس ایل میں رنگ بھر دئیے، شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد آنے سے اسٹیڈیم چھوٹے پڑگئے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل نے ہمیشہ ہی پاکستان کو اچھا ٹیلنٹ دیا ہے، انڈر 19، انڈر 16 اور انڈر 13 ٹرائلز میں ملک بھر میں بڑی تعداد میں بچوں کا آنا خوش آئند ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی اور اے سی سی اجلاسوں میں ایشیا کپ اور چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پر غور ہوگا، آئندہ ایک سے ڈیڑھ ماہ میں ڈسٹرکٹس اور ریجنز کے انتخابات کروا کر گورننگ بورڈ مکمل کردیں گے۔

سربراہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کیلئے ڈیپارٹمنٹس نے حامی بھرلی ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ 8 کے میچز کا آغاز 26 فروری سے ہوا تھا، جسے دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں شائقین کرکٹ اسٹیڈیم آئے۔