ایک نیوز : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کی ٹیم نے قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کا دورہ کیا ہے۔
غیر ملکی کھلاڑیوں نے سہولیات کو تو شاندار قرار دیا لیکن روایتی کھانوں کی تعریف کیے بنا بھی نہ رہ سکے۔
لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے ریسٹ ڈے پر ٹیم کی آؤٹنگ کا پروگرام بنایا اور اسکواڈ کو اپنے قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر لے کر پہنچی۔
لاہور قلندرز کے غیر ملکی کھلاڑیوں راشد خان، ڈیوڈ ویزا، سیم بلنگز ، سکندر رضا اور جارڈن کوکس نے قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر جانے کی فرمائش بھی کی تھی۔
لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) ثمین رانا اور کوچ عاقب جاوید بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے اور انہوں نے سینٹرکے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔
ثمین رانا کا کہنا تھا کہ کھلاڑی ہوٹل میں تنگ آ چکے تھے انہیں کھلی فضا کی ضرورت تھی، کھلاڑی تازہ دم بھی ہو گئے، انہوں نے قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر بھی دیکھا جبکہ کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔
لاہور قلندرز کی دعوت ہو اور اس میں روایتی کھانے نہ ہوں ایسا ممکن نہیں ، کھلاڑیوں کی دنبے کی چانپوں، ملائی بوٹی کباب، ہریسہ چنے، تازہ نان اور کھیر سے تواضع کی گئی۔
کھلاڑیوں نے سہولیات کی تعریف کی ہی لیکن کھانوں کے بھی خوب مزے لیے۔
کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ ہوٹل میں بور ہو جاتے ہیں، آؤٹنگ کر کے اچھا لگا۔
لاہور قلندرز کی ٹیم ایک روز کے آرام کے بعد بدھ کو تازہ دم ہو کر ٹریننگ کرے گی جبکہ جمعرات کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کھیلے گی۔