ایک نیوز: بین الاقوامی ٹی 20 کرکٹ میچ میں آئل آف مین کی ٹیم نے ایسا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا جو یہ ٹیم کبھی حاصل نہیں کرنا چاہتی تھی اور اسے توڑنا تقریبا نا ممکن ہے۔
رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی نیم خود مختار ریاست کی کرکٹ ٹیم نے اسپین کے خلاف مینز ٹی 20 کرکٹ میچ کے کم ترین اسکور کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔اسپین کے شہر کارٹیجینا میں کھیلے گئے میچ میں آئل آف مین کی پوری ٹیم 10 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ٹیم کے 6 بیٹس مین صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ جوزف بروز نے سب سے زیادہ اسکور بنایا جو محض 4 رنز تھا۔مجموعی طور پر یہ ٹیم 8.4 اوورز میں آل آؤٹ ہوگئی تھی۔اسپین کی جانب سے محمد کامران اور عاطف محمود نے 4، 4 وکٹیں حاصل کی۔
اس کے جواب میں اسپین نے 11 رنز کا ہدف محض 2 گیندوں پر حاصل کرلیا اور 10 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ آئل آف مین کی جانب سے 3 گیندیں کرائی گئی تھیں مگر پہلی گیند نو بال تھی جس کے بعد باقی 2 گیندوں پر اوپنر اویس احمد نے 2 چھکے لگا کر میچ ختم کر دیا۔اسپین کی ٹیم نے مجموعی طور پر 13 رنز اسکور کیے۔دونوں ٹیموں کے درمیان یہ 6 میچز کی سیریز کا 5 واں میچ تھا اور اسپین نے اب تک تمام میچ جیتے ہیں۔اس سے قبل ٹی 20 کی تاریخ کا کم ترین اسکور 15 تھا جو دسمبر 2022 میں بگ بیش لیگ کے دوران سڈنی تھنڈرز نے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف بنایا تھا۔